مملکت میں پاکستانی کاروباری حضرات ہمارا فخر ہیں، ڈاکٹر عامر حسین
ریاض :پاکستان انویسٹر فورم کی جانب سے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے حوالے سے سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ نالج کور میں منعقدہ تقریب میں سعودی عرب میں کاروبار کرنے والے حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر یکم جنوری 2018 سے سعودی حکومت کی جانب سے 5 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے نفاذ سے متعلق متحدہ عرب امارات سے آئے ہوئے سید آصف زمان نے بزنس مین کمیونٹی کو آگاہ کیا کہ کس طرح ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا نفاذ ہوگا اور کاروباری حضرات کو مال کی خرید و فروخت کے حوالے سے کن کن چیزوں کو مد نظر رکھنا ہوگا۔انھوں نے مزید بتایا کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا اطلاق مال کی خریدو فروخت پر ہوتا ہے جبکہ پراپرٹی کی خرید و فروخت پر اس کا نفاذ نہیں ہوگا۔مجیب الحق کا کہنا تھا کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا نظام اس وقت ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک میں رائج ہے۔
انویسٹر فورم کے چیئرمین خالد محمود چوہدری کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت اس سے قبل کاروباری افراد سے ڈیوٹی کی مد میں 12فیصد ٹیکس وصول کر رہی تھی جبکہ 5فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے بعد 17 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ہم سعودی حکومت کے اس اقدام کی حمایت کرتے ہیں۔
انویسٹر فورم کے صدر راجہ خالد کا کہنا تھا کہ آج یقینی طور پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے حوالے سے جو معلومات دی گئی ہیں وہ سود مند ثابت ہونگی۔
مہمان خصوصی سفارتخانہ پاکستان کے کمرشل اتاشی ڈاکٹر عامر حسین کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں پاکستانی کاروباری حضرات ہمارا فخر ہیں۔انہوں نے ہمیشہ پاکستان کی بہتر انداز میں خدمت کی ہے۔
سیمینار کے آخر میں انویسٹر فورم کی جانب سے سید آصف زمان، مجیب الحق اور کمرشل اتاشی ڈاکٹر عامر حسین کو اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا۔