Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت:سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز کا فری میڈ یکل کیمپ

15ویں فری میڈیکل کیمپ سے 850سے زائد پاکستانیوں نے فائدہ اٹھایا، تربیت یافتہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی شرکت
     کویت(محمد عرفان شفیق):کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی خدمت ِخلق کے جذبے سے پاکستانی بھائیوں کی مدد کیلے ایک خاص مقام رکھتی ہے۔ صحت عامہ، روزگار، تعلیم، کھیل غرض یہ کہ کوئی بھی صنف ایسی نہیں جہاں پاکستانی کسی سے کم ہوں۔ اسی خدمت کے جذبے کے تحت کویت میں مقیم پاکستانی ڈاکٹر حضرات کی تنظیم’’ سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز اِن کویت‘‘کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے 15ویں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد عمل آیا۔
یہ  کیمپ جلیب الشیوخ کے علاقے میں واقع پاکستان انگلش اسکول و کالج کی عمارت میں یکم دسمبر 2017 بروز جمعۃ المبارک قائم کیا گیاجس میں کویت کے طول و عرض سے کثیر تعداد میں پاکستانی مرد و خواتین نے شرکت کی،نیز بر صغیر کے دیگر ملکوں کے لوگوں نے بھی اس کیمپ سے استفادہ حاصل کیا۔
  کیمپ کا دورانیہ دوپہر ایک بجے سے شام 6 بجے تک تھا۔
    میڈیکل کیمپ کا باضابطہ افتتاح سفیر پاکستان غلام دستگیر نے کیا۔ اس موقع پرا سکول کی پرنسپل مسز صنوبر فرخ، اسکول کے اساتذ ہ اور کمیونٹی کے دیگر ممبران کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر سفیر پاکستان نے اظہار خیال کرتے ہوئے سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز اِن کویت کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مفت علاج کے سہولت فراہم کرنا سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز اِن کویت کا نہایت احسن ا قدام ہے اور ہر مرتبہ لوگوں کا رجحان مثبت ہوتا ہے، جو کہ سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز اِن کویت کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے ا سکول کی پرنسپل اور انتظامیہ اور پاکستان بزنس کونسل کویت کی کیمپ کے انعقاد میں ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سفیر پاکستان نے تمام شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کیا۔
    سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز اِن کویت کے صدر ڈاکٹر شجاع الدین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فری میڈیکل کیمپ میں مختلف شعبۂ جات کے پاکستانی تربیت یافتہ ڈاکٹرز اور اسٹاف ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں
اور اس کیمپ میں 850سے زائد مریض استفادہ کر چکے ہیں جن میں پاکستانی، ہندوستانی اور بنگلادیشی شہری نمایاں تھے۔
    میڈیکل  کیمپ منعقد کرنے کا بڑا مقصداُن لوگوں کو صحت عامہ کی سہولت بہم پہنچانا ہوتا ہے جو زبان کی دشواری کے باعث اپنا مسئلہ ڈاکٹر کو سمجھا نہیں سکتے۔ کویت کے ہسپتالوں اور پولی کلینک میں زیادہ تر عربی ڈاکٹر ہوتے ہیں، جہاں بہر حال زبان سے ناشناسی ایک بڑا مسئلہ ہوتا ہے
لہذا ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہمارے تمام پاکستانی بھائی و دیگر کمیونٹی کے افراد ایک چھت تلے اپنا مکمل چیک اپ کرواسکیں اور تمام میسر سہولیات سے استفادہ کر سکیں۔  کیمپ میں بلڈپریشر، بلڈ شوگر اور ای سی جی کے فری ٹیسٹ کے علاوہ تمام ادویات مفت فراہم کی گئیں۔

شیئر: