پٹرول چوری کرنیوالے دونوں چور زندہ جلنے سے بچ گئے
جمعرات 14 دسمبر 2017 3:00
لندن ..... لندن میں پٹرول چوری کرنے والے دونوں چور اس وقت بال بال بچ گئے جب انہوں نے ایک پٹرول پمپ سے اپنی مرسیڈیز کیلئے پٹرول چوری کیا۔ اسی دوران اتفاقی طور پر انہوں نے اپنی کار کو بھی آگ لگادی۔ سارے واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج وہاں نصب کیمرے سے تیار ہوگئی۔ اس میں دکھایا گیا ہے کہ ایک چور مسروقہ گاڑی پر آتا ہے اور پٹرول اسٹیشن سے پٹرول بھرتا ہے لیکن چند سیکنڈ بعد ہی یہ کار ڈرامائی طور پر شعلوں میں گھر جاتی ہے اور کار کے پچھلے حصے سے شعلہ بھڑکتا ہے اور پوری کار لپیٹ میں آجاتی ہے لیکن ایک خاتون مسافر فوری طور پر کار سے باہر نکل کر اپنی جان بچاتی ہے۔ اسی دوران ڈرائیور کار میں داخل ہوکر اسے پٹرول پمپ سے دور لیجانے میں کامیاب ہوجاتا ہے۔ پولیس حکام کا کہناہے کہ وہ وڈیو کلپ میں نظر آنے والے مرد اور خاتون کو تلاش کررہی ہے۔ مسروقہ کار کے مالک کو بھی اب تک تلاش نہیں کیا جاسکا۔