لندن...سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو اپنے وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے معاشی استحکام کی جانب گامزن کیا تھامگر اب ملک پھر بدحالی کی جانب بڑھ رہا ہے۔28جولائی جیسے فیصلے قوموں کیلئے انتشار کا باعث بنتے ہیں۔لندن میں لیگی رہنماوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک پھر بدحالی کی جانب بڑھنا شروع ہوگیا ۔ پہلے ملک میں بجلی کا بحران تھا۔ ہم نے اسے ختم کیا۔ آج طلب سے بھی زیادہ بجلی موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پر کافی حد تک قابو پا لیا تھا لیکن اب اس نے پھر سر اٹھانا شروع کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبے بھی سست روی کا شکار ہو گئے۔ ان میں پہلے جیسی تیزی نہیں رہی ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے زمانے میں ا سٹاک ایکسچینج اوپر تھا مگر اب وہ بھی نیچے آگیا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے غیر مستحکم ہونے کے اثرات لازمی طور پر پڑتے ہیں۔ یہ صورتحال افسوسناک ہے۔ سپریم کورٹ کے 28 جولائی کے فیصلے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایسے فیصلے قوموں کیلئے انتشار کا باعث بنتے ہیں۔