Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاستی وزیرسریش رانا سمیت بی جے پی لیڈروں کیخلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری

    مظفر نگر - - - - - -  ریاست یو پی کے وزیر سریش راناسمیت بی جے پی کے متعدد لیڈروں کیخلاف ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ مدھو گپتا نے غیر ضمانتی وارنٹ جاری کر دئیے ہیں ۔ ان پر الزام ہے کہ 2013ء میں مظفر نگر میں جو فسادات بھڑکے تھے ان میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا تھا۔مجسٹریٹ کی عدالت نے یہ وارنٹ ریاستی حکومت کی منظوری ملنے کے بعد جاری کئے ہیں اور ملزمان کو حکم دیا ہے کہ وہ 19جنوری کو بذات خود پیش ہوں ۔ مظفر نگر فسادات 2013ء کی تحقیقات کرنیوالی خصوصی ٹیم ایس آئی ٹی کے ذمہ داروں نے بلاضمانتی وارنٹ کے اجراء کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایس آئی ٹی نے ریاستی وزیر سریش رانا ،سابق مرکزی وزیر سنجیو بالیان ، بی جے پی کے ارکان اسمبلی سنگیت سوم اور اومیش ملک نیز دوسرے پارٹی لیڈروں کیخلاف مقدمہ چلانے کیلئے ریاستی حکو مت سے اجازت حاصل کرلی ہے ۔ ملزمان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 153Aکے تحت مقدمہ قائم کیا گیا تھا کیونکہ انہوں نے فرقہ وارانہ فساد بھڑکانے کیلئے اشتعال انگیز تقاریر کی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگست 2013ء کے آخری ہفتے میں ایک ماہ پنچایت ہوئی تھی جس میں ملزمان نے انتہائی اشتعال انگیز تقاریر کیں جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ مظفر نگر اور اسکے دیہی علاقوں میں ہندو مسلم فسادات بھڑک اٹھے جن میں 60سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے جبکہ 40ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو گئے ۔ قانون کے مطابق وزراء اور ارکان اسمبلی کیخلاف فوجداری کا مقدمہ چلانے کیلئے ریاستی وزارت داخلہ سے اجازت طلب کرنی پڑتی ہے، اسکے بعد ہی عدالت میں کیس دائر کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے اجاز ت مل چکی ہے اور اب ملزمان کیخلاف باقاعدہ قانونی چارہ جوئی ہو رہی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دفعہ 153Aکے علاوہ ملزمان پر دفعہ 144کی خلاف ورزی، سرکاری ملازمین کو ڈیوٹی دینے کی راہ میں رکاوٹ اور انہیں غلط طریقے سے دھمکانا جیسی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں ۔

شیئر: