کوئٹہ .. کوئٹہ میں اتوار کو زرغون روڈ پر چرچ میں خود کش دھماکے میں مرنے والے8 ہوگئے۔ 2 خواتین شامل ہیں۔ 25 زخمیوں میں کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے تصدیق کی کہ خود کش حملے میں کوئٹہ کے قدیم میتھوڈسٹ چرچ کو نشانہ بنایا گیا ۔ 4 دہشت گرد وں نے حملہ کیا ۔ایک نے چرچ کے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دوسرا دہشت گرد اندر داخل ہونے کی کوشش میں سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے ہلاک ہوا۔ 2 دہشت گرد فرار ہوگئے ۔ ان کی گرفتاری کے لئے سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کردیا ۔سرفراز بگٹی نے بتایا دہشت گرد چرچ میں لوگوں کو یرغمال بنانا چاہتے تھے۔ سیکیورٹی کے باعث دہشت گرد اپنے منصوبے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ سیکیورٹی الرٹ نہ ہوتی تو جانی نقصان بہت زیادہ ہو سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اولین ترجیح علاقے کو جلد از جلد کلیئر کرنا ہے۔ پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکہ انتہائی زور دار تھا۔ اس کی آواز دور تک سنی گئی۔ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ ذرائع کے مطابق اتوار کو چھٹی ہونے کے باعث چرچ میں ہونے والی دعائیہ تقریب میں400 سے زائد افراد موجود تھے سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کی۔ دہشت گرد چرچ کے اندر داخل ہو کربڑی تعداد میں لوگوں کو ہلاک کرسکتے تھے۔