Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیئرمین او پی ایف کی گورنرکے پی کے سے ملاقات

    ریاض (جاوید اقبال) چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن بیرسٹر امجد ملک نے بدھ کے روز گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سعودی عرب میں سابق سفیر پاکستان منظور الحق بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دوران ملاقات خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کے مختلف امور زیر بحث آئے ۔بیرسٹر امجد ملک نے گورنر کی توجہ اس امر کی طرف دلائی کہ وطن رخصت پر یا مستقلاً وپس آنے والے تارکین کو متعدد قانونی مسائل سے پریشان ہونا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ انہیں واپسی پر رہائش اور بچو ں کی تعلیم جیسے امور کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے لہذا ان کوخصوصی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں۔ بیرسٹر امجد ملک نے واضح کیا کہ مستقلا واپس آنے والے تارکین کی اکثریت اپنے میدان ہائے کار میں طویل تجربے کی حامل ہوتی ہے اس لیے ان کی مہارت سے فائدہ اٹھانے کے لیے انہیں مناسب ملازمتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وطن کے مثبت کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے نہ صرف انہیں پارلیمانی انتخابات میں رائے دہی کا حق دیا جائے بلکہ ان کے لیے وفاق اور صوبوں کی اسمبلیوں میں نشستیں بھی مختص کی جائیں۔ گورنر سرحد نے او پی ایف کی خدمات کو سراہتے ہوئے چیئرمین کا شکریہ ادا کیا اور ان سارے مسائل کے حل کے لیے اقدامات   کا وعدہ کیا۔ انہوں نے فاؤنڈیشن کے لیے بیرسٹر امجد ملک کی خدمات کی بھی ستائش کی یاد رہے کہ او پی ایف کی تاریخ میں بیرسٹر امجد ملک پہلے چیئرمین ہیں جنہوںنے صوبہ خیبر پختونخواہ کا دورہ کیا ہے۔ بعد ازاں بیرسٹر امجد ملک نے منظور الحق کے ہمراہ دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے پولیس افسران ملک سعد اور صبغت غیور کے گھروں پر جاکر لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ملک سعد کے نام سے ٹرسٹ بھی قائم کیا جاچکا ہے۔
 

شیئر: