نئی دہلی ۔۔۔۔۔آدھار کارڈ کو موبائل ، بینکنگ اور مختلف سماجی منصوبوں کیلئے لازمی کئے جانے پر ترنمول کانگریس کے اراکین پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں مظاہرہ کیا۔ پارٹی اراکین نے پارلیمنٹ کی کارروائی شروع ہونے سے قبل مہاتما گاندھی کے مجسمے کے پاس کھڑے ہوکر مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ہاتھوں میں پوسٹر لے رکھے تھے جن پر’’آدھار کو نہ کہو، موبائل فون کو آدھار سے مت جوڑو، سماجی منصوبوں کو آدھار سے مت جوڑو ، بینکنگ کو آدھار سے مت جوڑو‘‘جیسے نعرے تحریر تھے۔ ساتھ ہی مظاہرہ کرنے والے ارکان ’’آدھار کارڈ کو موبائل کے ساتھ لنک کرنا نہیں چلے گا‘‘اور ’’مودی جی کی تانا شاہی نہیں چلے گی‘‘کے نعرے بھی لگارہے تھے۔