Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قائد اعظم ٹرافی کا فائنل سوئی ناردرن نے جیت لیا

ِ کراچی:آل راونڈر محمد حفیظ کی قیادت میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی ٹیم نے فائنل میں اپنے بولر سمیع اللہ خان کی شاندار بولنگ کی بدولت دفاعی چیمپیئن واپڈا کی ٹیم کو 103رنز سے شکست دیتے ہوئے قائد اعظم ٹرافی جیت لی ۔ یہ گزشتہ4سال کے دوران ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے فائنل میں سوئی ناردرن کی تیسری فتح ہے۔ فاسٹ بولرسمیع اللہ نے دوسری اننگز میں واپڈا کے 8کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔کھیل کے آخری دن تینوں وکٹیں سمیع اللہ نے حاصل کیں اور مجموعی طور62رنز دے کر 8وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ سوئی ناردرن کی ٹیم نے پہلی اننگز میں259اوردوسری اننگز میں 268رنز اسکور کئے ۔ افتخار احمد نے سنچری بنائی اور 106رنز بنا کر لوٹے ۔ انہوں نے پہلے اننگز میں73رنز بنائے تھے جبکہ دوسری اننگز میں رضوان93رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ وہاب ریاض نے4وکٹیں لیں۔ واپڈا کی ٹیم پہلی اننگز میں 271اور دوسری اننگز میں153رنز بنا سکی ۔ پہلی اننگز میں عباس نے 4وکٹیں حاصل کیں جبکہ دوسری اننگز میں سمیع اللہ نے واپڈا کی بیٹنگ لائن کی تباہی میںبنیادی کردار ادا کیا۔سوئی ناردرن کی قیادت محمد حفیظ جبکہ واپڈا کی قیادت سلمان بٹ کررہے تھے۔میچ کی صورتحال کھیل کے چوتھے دن ہی واضح ہو گئی تھی جب واپڈا کی 7وکٹیں87کے مجموعی اسکور پر گر گئی تھیں ۔19گیندوں پراسکور میں بغیر کسی اضافے کے4وکٹیں گر جانے کے بعد واپڈا کی بیٹنگ لائن کیلئے سنبھلنا ممکن نہیں رہا تھا۔سمیع اللہ کو ان کی فتح گر بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

شیئر: