کراچی.... ملک میں موجودہ حکومت کے 4 سال کے دوران 136 ارب روپے سے زائدکی بجلی چوری ہوئی ۔ دستیاب دستاویز کے مطابق 2013-14 سے لے کر 2016-17 کے دوران ملک میں 136 ارب 90 کروڑ 60 لاکھ روپے کی بجلی چوری ہوئی۔ 2013-14 کے دوران تقسیم کارکمپنیوں میں 59 ارب 78 کروڑ روپے کی بجلی چوری ہوئی۔ سیپکو 38 فیصد لاسز کے ساتھ سہرفہرست رہی۔ 2014-15 کے دوران بجلی کی تمام تقسیم کارکمپنیوں نے 79 ہزار385 یونٹ بجلی خریدی اور 16ہزار744 یونٹس ضائع کئے۔ کمپنیوں کی نااہلی کی وجہ سے سال 2014-15 کے دوران 40 ارب 61 کروڑ روپے سے زائدکی بجلی بدانتظامی کی نذر ہوئی ۔ 2015-16 کے دوران 18 ارب 74 کروڑ روپے کی بجلی چوری ہوئی جس میں سے سب سے زیادہ بجلی چوری سیپکو میں ہوئی اور صرف ایک کمپنی میں ایک سال کے دوران 4 ارب 73 کروڑ روپے سے زائد کی بجلی چوری ہوئی۔ 2015-16 کے دوران ایک ہزار 530 یونٹس بجلی چوری کی نذر ہوئے اور کمپنیوں کی نقصانات کی اوسط شرح 17 اعشاریہ 9فیصد رہی۔ دستاویز کے مطابق 2016-17 کے دوران بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کی بدانتظامی اور نااہلی کی وجہ سے 19 ارب 76 کروڑ روپے سے زائد کی بجلی چوری ہوئی اور کمپنیوں نے 17 ہزار 833 یونٹ ضائع کئے۔ لاسز کی مد میں سیپکو سرفہرست رہی ۔ حیسکو کے نقصانات 30 فیصد رہے اور کمپنی کی جانب سے صارفین کو ایک سال کے دوران 5 ارب 60 کروڑ روپے کا چونا لگایا گیا۔