دورہ نیوزی لینڈ کیلئے کرکٹ ٹیم بھرپور فارم میں
لاہور: دورہ نیوزی لینڈ کی تیاریوں کیلئے قومی کرکٹرز کا مختصر تربیتی کیمپ ختم ہوگیا، تمام کھلاڑی اپنی بھرپور فارم میں نظر آرہے ہیں۔ قومی ٹیم لاہور سے نیوزی لینڈ روانہ ہوگی، بگ بیش لیگ کیلئے آسٹریلیا میں موجود شاداب خان نیوزی لینڈ میں ہی اسکواڈ کو جوائن کریں گے جبکہ کراچی میں قائد اعظم ٹرافی فائنل میچ کھیل کر واپس آنے والے محمد حفیظ اور اظہر علی بھی ٹریننگ میں شریک تھے۔امام الحق اور فخرزمان کے ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ میں طویل فارمیٹ کا میچ کھیل کر آنے والے محمد حفیظ اور اظہر علی نے بھی گیئر تبدیل کیا، شعیب ملک اور حارث سہیل ٹائمنگ بہتر بنانے کیلئے کوشاں رہے۔کیوی کنڈیشنز کو سامنے رکھتے ہوئے باونسرز کا سامنا کرنے کی خصوصی مشق کرائی گئی، بولرز نے سیم اور سوئنگ میں مہارت بہتر بنانے کیلئے بولنگ کوچ اظہر محمود کی رہنمائی میں طویل اسپیلز کیے،اسپنرز محمد نواز اور حارث سہیل کو مشتاق احمد نے مفید مشورے دیے۔ 15 رکنی اسکواڈ میں کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد نواز، محمد عامر، حسن علی، عامر یامین اور رمان رئیس شامل ہیں،5ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا مقابلہ6 جنوری کو ہوگا،بعد ازاں3ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا آغاز 22 جنوری کو ہونا ہے جبکہ کیوی کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلئے پاکستانی ٹیم کو قبل از وقت نیوزی لینڈ بھیجا جا رہا ہے جہاں ایک ہفتے کا کیمپ لگے گا۔