جونپور۔۔۔۔اتر پردیش کے جونپور میں مرکزی تفتیشی بیورو( سی بی آئی ) نے کئی مقامات پر چھاپہ مار کر انڈین ریلوے کی ویب سائٹ ہیک کرکے ای ٹکٹوں کے ذریعے ’’تتکال ‘‘سے لیکر جنرل ٹکٹ بک کرنیوالے ماسٹر مائنڈ جعلساز کو گرفتار کرلیا۔وہ ویب سائٹ ہیک کرکے محکمہ ریلوے کوکروڑوں کا نقصان پہنچا رہا تھا۔ سی بی آئی افسر سوشیل دیوان کے مطابق جونپور کے شہر کوتوالی علاقے کے اولاندگنج محلے میں ایک ٹور اینڈ ٹراویلز سینٹر پر بڑے پیمانے پر غیرقانونی طریقے سے ریلوے کے ای ٹکٹ بک کرنے کی اطلا ع موصول ہوئی تھی۔اطلاع کی بنیاد پر سی بی آئی نے کئی مقامات پر چھاپہ مار کر متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ سی بی آئی افسر نے بتایا کہ ماسٹر مائنڈ جعلساز جونپور ضلع کے جعفر آباد کے ناتھو پور کا رہنے والا انل کمار گپتا ہے ۔ سی بی آئی اسے عدالت میں پیش کرنے کے بعد ٹرانزٹ ریمانڈ پر دہلی لے جائیگی جہاں اس سے مزید تفتیش کی جائیگی۔