نئی دہلی۔۔۔۔مودی حکومت نے طلاق ثلاثہ بل لوک سبھا پیش کردیا۔بل پیش کرنے کے معاملے پر لوک سبھا میں ہنگامہ برپا ہوگیا اور اپوزیشن رہنماؤں نے احتجاج کیا ۔رکن پارلیمنٹ اسد اویسی نے کہا کہ یہ بل سراسر حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ وزیر قانون روی شنکر پرساد نے کہا کہ جو لوگ حقوق کے برابری کی بات کرتے ہیں وہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے بل کی مخالفت کیوں کررہے ہیں۔ وزیر قانون نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بھی طلاق ثلاثہ کو غلط قراردیا اور بل کو خواتین کے حق میں بتایا۔ بل کا نام مسلم ویمن بل (تحفظ حقوق شادی) رکھا گیا ہے۔ بل میں 3طلاق کو قابل سزا جرم قراردیا گیا ہے۔ اس بل میں مطلقہ خاتون کو نان نفقہ (گزارہ بھتہ) اور نابالغ بچوں کو ساتھ رکھنے کا حق دیا جائیگا۔ جرمانے اور نان نفقہ کی رقم کا تعین ضلع مجسٹریٹ کےفیصلے پر ہوگا۔