ریاض۔۔۔۔۔متعلقہ اداروں نے بدعنوانی کے امور میں زیر حراست 2مزید شہزادوں کو رہا کردیا۔ ان میں سے ایک کئی برس قبل ایک صوبے کا گورنر تھا اور دوسرا ایک اتھارٹی کا سربراہ رہا تھا۔مالیاتی امور پر سمجھوتہ ہونے کے بعد ہی دونوں شہزادوں کو رہا کیا گیا۔سبق ویب سائٹ کے مطابق ذرائع ابلاغ نے ایک عہدیدار کے حوالے سے اطلاع دی تھی کہ بدعنوانی کے مسائل کے کئی ملزمان نے جن میں اعلیٰ عہدیدار اور شہزادے شامل ہیں اپنے مسائل طے کرنے کیلئے مالیاتی سمجھوتوں کی منظوری دیدی ہے۔ سعودی حکومت نے حالیہ ایام میں ان میں سے کئی کو رہا کردیا ہے۔ رہائی پانیوالوں میں وزارت خزانہ کا سابق عہدیدار، ایک کمپنی کا اعلیٰ عہدیدار اور کئی معروف سرمایہ کار شامل ہیں۔ان اطلاعات کے مطابق ابتک 20افراد رہا کئے گئے ہیں ۔ یہ سب رہائی سے قبل مالیاتی سمجھوتے کی حامی بھر چکے ہیں۔آئندہ ایام میں رہائی پانیوالو ں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ حکومت معلق پڑے ہوئے مسائل تیزی سے نمٹانے کی خواہوں اور کوشاں ہے۔