نئی دہلی - - - - - ملک کے بڑے صنعتکاروںمیں شمار ہونے والے آنجہانی دھیرو بھائی امبانی کے دونوں بیٹوں میں جائداد کے تنازعات کے بعد غالباً یہ پہلا موقع ہے کہ بڑے بھائی مکیش امبانی نے اپنے والد کے یوم پیدائش پر چھوٹے بھائی کو یاد رکھا اور انہیں 23ہزار کروڑ روپے کا تحفہ دیا ہے۔ گزشتہ رات دونوں بھائیوں کے درمیان تجارتی معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت انل امبانی کی کمپنی ریلائنس کمیونیکیشن کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا گیا ہے۔ دراصل انل امبانی کا کاروبار دن بدن انحطاط پذیر ہورہا ہے۔ ریلائنس کمیونیکیشن اس وقت 45ہزار کروڑ روپے کی قرضدار ہے۔ انل امبانی نے 2Gاور 3G اسپکٹرم کے آپریشن نومبر میں ختم کر دیئے اور صرف انٹرپرائز بزنس تک محدود ہو کر رہ گیا ہے۔ علاوہ ازیں وہ اثاثوں کو بھی فروخت کر رہے ہیں۔ مکیش امبانی نے اس صورتحال سے انل امبانی کو بچانے کیلئے جو معاہدہ کیا ہے اسکے تحت ریلائنس کمیونیکیشن اور مکیش امبانی کی کمپنی ریلائنس جیو مشترکہ کاروبار کریں گی۔ ریلائنس کمیونیکیشن معاہدے کے تحت ریلائنس جیو کو وائرلیس اسپیکٹرم ، ٹاور ، فائبر اینڈ میڈیا آلات اور دیگر ضرورت کی چیزیں فروخت کریگی جس کی مالیت 23ہزار کروڑ روپے رکھی گئی ہے۔ اس طرح مکیش امبانی کی ریلائنس جیو مارکیٹ میں نیلامی کی حصہ دار بھی نہیں بنے گی۔ جنوری سے مارچ 2018ء کے درمیان مکیش امبانی کی یہ رقم انل امبانی ایک قرض کے طور پر استعمال کریں گے لیکن اس کا کوئی منافع یا سود نہیں لیا جائیگا بلکہ ریلائنس جیو کو اس رقم کے بدلے مذکورہ اشیاء فراہم کی جائیں گی۔ اس طرح ریلائنس کمیونیکیشن کو 45ہزار کروڑ روپے کا آدھا قرض چکانے کا موقع ملے گا۔ دراصل گزشتہ سال ستمبر میں مکیش امبانی نے ٹیلکام بزنس میں داخل ہو کر اپنے کاروبار کو کافی مستحکم کر لیا تھا اور موبائل سروس کے شعبے میں اس نے جیو موبائل لانچ کیا تھا جو اس وقت دنیا بھر کے 108ممالک میں برآمد کیا جا رہا ہے۔ اس ٹیلیکام کاروبار سے مکیش امبانی کو زبردست منافع حاصل ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دونوں بھائیوں کے درمیان 23ہزار کروڑ روپے کی ڈیل پر دستخط ہوئے ہیں۔ ریلائنس کمیونیکیشن نے بتایا کہ جیو کے ساتھ ہونے والی ڈیل یا معاہدہ یا نقد ادائیگی اور محکمہ مواصلات کو ادا کی جانیوالا اسپکٹرم قسطوں کی ادئیگی پر مشتمل ہو گی۔ ذرائع نے بتایا کہ جیو کے لانچ ہونے سے انل کو 2Gاور 3G اسپیکٹرم میں مقابلہ آرائی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔