لاہور .... سال 2018 کی آمد شدید سردی کے ساتھ ہوئی، پہاڑوں پر سال نو کا استقبال آسمان سے گرنے والے سفید گالوں نے کیا۔ وادی کاغان میں برفباری کے باعث شہر ناران کے تمام ہوٹل، کاروباری مراکز، مساجد، پولیس چیک پوسٹ 5 ماہ کیلئے مکمل بند ہوگئے۔ انتظامیہ نے بھی سیاحوں کا داخلہ کاغان سے آگے بند کر دیا۔سیاحت سے وابستہ تمام افراد واپس اپنے اپنے آبائی علاقوں میں واپس چلے گے ۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پلدراں کاغان کے مقام پر بھاری پتھر رکھ کر روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بھی بند کر دیا گیا ہے۔ سیاحت کی غرض سے آنے والے سیاحوں کا رخ شوگران، کیوائی اور سری پایہ کی جانب موڑ دیا گیا۔ روڈ بندش کے ساتھ ساتھ سیاحوں کی ناران کی جانب پیدل چلنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔