ریاض (جاوید اقبال) سفارتخانہ پاکستان کے پولیٹیکل قونصلر سردار محمد خان خٹک نے کہا ہے کہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں اور یہ کہ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا ہمیشہ احسان مند رہے گا۔ وہ مہمان خصوصی کے طور پر سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق کی نیابت کرتے ہوئے پاکستان رائٹرز کلب کے تعاون سے سفارتخانے کے زیرسرپرستی قائداعظم کے 142 ویں یوم پیدائش کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ہیڈ آف چانسری سیف اللہ خان اور کمیو نٹی ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ کے علاوہ عمائدین شہر ، کلب اور لیڈیز چیپٹر کے ارکان کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے سردار خٹک نے واضح کیا کہ مسلمانان ہند پر قائد کا احسان نہ ماضی کی نسلیں بھولیں نہ آج کے پاکستانی بھولے ہیں اور نہ مستقبل کے شہر یوں کو فراموش کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی اپنے وطن کا سفیر ہے اور ہر شہری کو اپنے دن کا آغاز اس سوچ کے ساتھ کرنا چاہیئے کہ وہ اس روز اپنے وطن کیلئے ضرور کوئی مفید کام کرے گا۔ تقریب کی نظامت کرتے ہوئے سیف اللہ خان نے کہا کہ محمد علی جناح ایک افسانوی کردار تھے ، انتہائی ذہین، شفیق ، با اصول، معاملہ فہم اور مخلص شخصیت کے مالک تھے۔ پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ کے طالب علم عمر عباسی نے پر اثر خطاب میں زور دیا کہ پاکستانی معاشرے کو قائد کے اصولوں پر چلانے کی سخت ضرورت ہے۔ لیڈیز چیپٹر کی کنوینر مدیحہ ملک نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی کتاب " میرا بھائی" میں سے قائد کی زندگی پر اقتباسات پڑھے اور داد حاصل کی۔ جامعہ الملک سعود کے پروفیسر جاوید اقبال نے مختلف تصاویر کی مدد سے بانی¿ پاکستان محمد علی جناح کی لکنز ان میں بیرسٹری کے حصول کیلئے تربیت کے مختلف مراحل پر روشنی ڈالی۔ رائٹرز فورم کے سینیئر نائب صدر ایچ ایم فیاض کو ان کی پاکستان مستقل روانگی پر خراج تحسین پیش کیاگیا۔ تقریب کے آخر میں بچوں اور ایچ ایم فیاض کو اعزازی شیلڈز دی گئیں۔ تقریب کے دوسرے حصے کی نظامت کلب کے جنرل سیکریٹری عاشق حسین نے کی۔