رانجی ٹرافی کا فائنل، وداربھا نے دہلی کو ہرا دیا
اندور: پہلی مرتبہ ہند کے سب سے بڑے ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ رانجی ٹرافی کے فائنل میں پہنچنے والی ٹیم وداربھا نے دہلی کی ٹیم کو9وکٹوں سے شکست دے کر یہ ٹورنامنٹ جیتنے کا کارنامہ بھی انجام دیا ہے۔وداربھا کے کپتان فیض فضل نے اس کامیابی کو ناقابل یقین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس تاریخی فتح میں تمام کھلاڑیوں کی سخت کوشش اور محنت شامل ہے جبکہ وسیم جعفر کی بیٹنگ نے پورے ٹورنامنٹ میں ٹیم کی فتوحات میں بنیادی کردار ادا کیا۔دہلی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں295رنز بنائے تھے۔ راجنیش گربانی نے 6وکٹیں لیں جس کے جواب میں وداربھا نے 547رنز اسکور کرکے بڑی برتری حاصل کی۔اکشے ونود نے سنچری جبکہ کپتان اور اوپنر فیض فضل ، وسیم جعفر،آدتیا سنواٹے اور سدیش نیرال نے نصف سنچریاں بنائیں۔ نودیپ سینی نے5کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ 252رنز کی برتری ختم کرنے میں دہلی کی ٹیم کامیاب تو ہو گئی لیکن بڑا ہدف نہ دے سکی اور وداربھا کوفائنل جیتنے کےلئے دوسری اننگز میں صرف29 رنز بنانے کی ضرورت پڑی جو اس نے ایک وکٹ کے نقصان پر بنا لئے ۔راجینیش گربانی کو ان کی شاندار بولنگ پر مین آف دی فائنل کا ایوارڈ دیا گیا ۔ گربانی نے فائنل میں8وکٹیں حاصل کی تھیں۔