دورہ نیوزی لینڈ کا آغاز خوش آئند ہے ، مکی آرتھر
نیلسن:پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے پریکٹس میچ میں ٹیم کی کامیابی کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دورے کا اچھا آغازکرنے میں کامیاب رہے اور یہ بات پھر واضح ہوگئی ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں کامیابی بیٹسمینوں کی اچھی کارکردگی سے مشروط ہے اور پریکٹس میچ میں بھی اس کا اندازہ ہوگیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑی جتنی جلد خود کو مقامی موسم اور ماحول سے ہم آہنگ کریں گے ان کی کامیابی کے امکانات میں بھی اسی تناسب سے اضافہ ہوگا۔ اگر پاکستانی ٹیم کو سیریز میں کامیابی حاصل کرنی ہے تو کھلاڑیوں، خاص طور پر بیٹسمینوں کو صورتحال کے مطابق کھیلنا ہوگا کیونکہ ایشیا سے باہر یہ ان کا اصل امتحان ہوتا ہے لیکن مجھے امید ہے کہ ہمارے کھلاڑی اس امتحان میں پورا اتریں گے۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹیم کی تیاری اچھی ہے اور پریکٹس میچ میں کامیابی نفسیاتی طور پر اس کیلئے بہت مددگار ہوگی۔ہم نے اس میچ سے قبل 3 دن اچھی ٹریننگ کی جہاں ہر بولر نے روزانہ 15، 15 اوورز کئے جو اچھی علامت ہے کیونکہ اس طرح کے موسم اور کنڈیشنز میں انہیں مسلسل 10اوورز کرنے کا عادی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی فٹنس کو بہترین قرار دیتے ہوئے ایک مضبوط اور متوازن اسکواڈ تشکیل دینے پر سلیکٹرز کو بھی سراہا۔مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم متوازن ہے اور جن کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے انہیں معلوم ہے کہ ٹیم میں کیا کردار ادا کرنا ہے اور اس سلسلے میں پریکٹس میچ انتہائی اہمیت کا حامل تھا جو سیریز کی تیاریوں کیلئے اچھی ریہرسل ثابت ہوا۔کوچ نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کی ہوم گراونڈ پر قابلیت کو سراہتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں کو خبردار کیا کہ میزبان ملک میں جیتنا آسان نہیں کیونکہ نیوزی لینڈ آ کر زیادہ تر ٹیمیں ٹیم کامیابی سے محروم رہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ہوم کنڈیشنز میں بہت اچھی ہے اور نتائج اس بات کی گواہی دیتے ہیں۔ ہر ٹیم ہی ہوم گراونڈ پر اچھی کارکردگی دکھاتی ہے لیکن بہترین ٹیم وہی ہوتی ہے جو ملک سے باہر سیریز جیت سکے لہٰذا یہ سیریز ہمارے لئے بہت اہمیت کی حامل ہے ہم نے اچھی ابتدا کر دی ہے اور مجھے پوری امید ہے کہ اگر ہم اسی طرح اپنی بھرپور صلاحیتوں کے مطابق کھیلے تو فتوحات کا حصول ناممکن نہیں ۔