نیوزی لینڈ نے کئی عالمی ریکارڈ توڑ دیئے
ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے ٹی20 میچ میں 119 رنز سے شکست دے کر سیریز جیتنے کے ساتھ ساتھ متعدد عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لئے۔244رنز کے ہدف کیلئے ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 16.3اوورز میں 124رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ٹم ساوتھی نے3جبکہ بولٹ اور ایش سوڈھی نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔کولن منرو نے 10چھکے اور 3چوکے لگا کر 104رنز کی خوبصورت اننگز کھیل کر مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز کا اعزام حاصل کیا۔ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے ابتدائی 7 کھلاڑیوں نے اننگز میں چھکے لگا کر ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔کولن منرو اور مارٹن گپٹل کے بعد5 دیگر بلے بازوں نے بھی اننگز میں ایک، ایک چھکا لگایا اور یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلا موقع ہے کہ کسی ٹیم کے ابتدائی 7 کھلاڑیوں نے اننگز میں چھکے لگا ئے۔کولن منرو نے 10 جبکہ گپٹل نے 2 چھکے لگائے۔ اس سے قبل2 مرتبہ ٹی ٹوئنٹی اننگز میں افغانستان کے ٹاپ6 کھلاڑیوں نے متحدہ عرب امارات جبکہ انگلینڈ کے ٹاپ6 کھلاڑیوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف اننگز میں چھکے لگانے کاریکارڈ بنایا تھا۔نیوزی لینڈ نے ٹی ٹوئنٹی میں رنز کے اعتبار سے بڑی فتح اور اننگز میں زیادہ اسکور کا نیا ملکی ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔اوپنرز کولن منرو اور مارٹن گپٹل نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹوں پر 243 رنز بنا کر بڑا مجموعہ ترتیب دے کر نیا ملکی ریکارڈ اپنے نام کیا، اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ کا سب سے بڑا اسکور 214 رنز تھا جو 2010 میں آسٹریلیا کے خلاف تھا۔نیوزی لینڈ نے کالی آندھی کو 119 رنز سے شکست دے کر رنز کے اعتبار سے بڑی فتح کا نیا ملکی ریکارڈ بھی قائم کر دیا، اس سے قبل نیوزی لینڈ کی بڑی فتح پاکستان کے خلاف تھی جب گرین شرٹس کو 95 رنز سے شکست دی تھی۔ کولن منرو 104 رنز کی اننگز کھیل کر ٹی ٹوئنٹی میں 3 سنچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے۔منرو سے قبل سابق ہم وطن بلے باز برینڈن میک کولم، کرس گیل، ایون لوئس اور روہت شرما 2،2 سنچریاں بنا چکے ہیں۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے 47گیندوں پر تیز ترین سنچری بناکر برینڈن میک کولم کا 8 سالہ پرانا ریکارڈ بھی توڑ دیا، میک کولم نے 2010 میں آسٹریلیا کے خلاف 50 گیندوں پر سنچری بنا ئی تھی ۔ منرو نے سیریز میں 223 رنز بنا کرسیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا، اس سے قبل زمبابوے کے ہملٹن مساکاڈزا نے 222 رنز بنائے تھے۔