ریاض - - - - - - سعودی عرب کے سیکیورٹی اداروں نے 15ربیع الثانی 1439ھ کی شب تک اقامہ و محنت قوانین اور سرحدی سلامتی کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے 3لاکھ 37ہزار تارکین وطن گرفتار کر لئے۔ سعودی حکومت مختلف سرکاری اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی نمائندہ فیلڈ ٹیمیں پکڑ دھکڑ کیلئے قائم کئے ہوئے ہے۔ تفصیلات کے مطابق اقامہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے 198231، قوانین محنت کی خلاف ورزی کرنے والے 99980اور سرحدی سلامتی کے ضوابط پامال کرنے والے 39070، گرفتار کئے گئے۔ دراندازی کرنیوالے 4423پکڑے گئے۔ ان میں 75فیصد یمنی ، 23فیصد ایتھوپین اور 2فیصد کا تعلق دیگر ممالک سے تھا۔ ان میں 4140کو بیدخل کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں مملکت کی سرحد پار کر کے پڑوسی ممالک میں دراندازی کرنیوالے 178افراد پکڑے گئے۔ فیلڈ ٹیموں نے اقامہ و محنت و سرحدی سلامتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو رہائش ، سفر اور پناہ گاہ فراہم کرنے پر 696افراد گرفتار کئے ہیں۔ اس ضمن میں 115سعودی شہری پکڑے گئے۔ ان میں سے 87کو قانونی کارروائی کے بعد رہا کر دیا گیا۔ دیگر 28سعودیوں کی قانونی کارروائی جاری ہے۔ فی الوقت 14656غیر قانونی تارکین پر مقررہ ضوابط لاگو کرنے کی کارروائی جاری ہے۔ ان میں 12279مرد اور 2377خواتین ہیں۔ 52183کو فوری سزائیں دی گئیں جبکہ 47233کو سفری دستاویزات حاصل کرنے کیلئے ان کے سفارتی مشنوں کے حوالے کر دیا گیا۔ 54317کو ریزرویشن کی کارروائی مکمل کرانے کی سہولت دی گئی جبکہ 72205غیر قانونی تارکین کو بیدخل کیا جا رہا ہے۔