ریاض - - - - - -سعودی وزیرخزانہ محمد الجدعان نے واضح کیا ہے کہ متعلقہ سرکاری ادارے ،نجی اسکولوں اور صحت اداروں سے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی وصولی جاری رکھنے یا نہ جاری رکھنے کی تجویز پر غوروخوض کر رہے ہیں۔جلد ہی اس حوالے سے کوئی فیصلہ منظر عام پر آجائے گا۔ انہوں نے سعودی چینل کے معروف میزبان خالد مدخلی کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ وزارت شہری خدمات سرکاری اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں کے اسکیل ، چھٹیوں کے ضوابط ، بونس او رالاؤنس کے نئے قاعدے ضابطے تیار کررہی ہے۔ یہ بہت بڑا کام ہے، تیاری میں تھوڑا وقت لگے گا۔ محمد الجدعان نے اعلان کیا کہ وزارت شہری خدمات سرکاری ملازمین کیلئے ترغیبات پیکیج کا جائزہ لے رہی ہے۔ مقررہ وقت پر اعلان ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ مملکت میں بڑے پیمانے پر اصلاحات لائی جارہی ہیں۔ ان میں سرکاری سیکٹر کی اصلاحات بھی شامل ہیں۔سرکاری ملازمین کو شکوہ ہے کہ وہ محنت کرتے ہیں ، اوور ٹائم بھی دیتے ہیں۔ انکی قدر نہیں کی جارہی ۔ وزیر خزانہ سے سالانہ الائونس کی بندش کے موضوع پر سوال کیا گیا تو انہوں نے اسکا براہ راست جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے مذکورہ امور کا اظہار کیا او رکہا کہ تنخواہیں شمسی نظام کے مطابق ہی دی جائیں گی۔ ہجری کیلنڈر کے حساب سے نہیں۔ الجدعان نے انکشاف کیا کہ پٹرول 91کے نئے نرخ حقیقی نہیں، ان پر 30فیصد سے زیادہ سبسڈی دی جارہی ہے۔ 80فیصد شہری پٹرول 91ہی استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے عکاظ اخبار سے گفتگو میں کہا کہ سعودی حکومت صحت اداروں اور نجی اسکولوں سے 5فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس وصول کرنے نہ کرنے کے امکان کا جائزہ لے رہی ہے۔ علاوہ ازیں ایسے شہریوں کا معاملہ بھی زیر غور ہے جو پہلی بار مکان خریدنے کے خواہشمند ہوں۔ اس حوالے سے یہ تجویز ہے کہ پہلی بار مکان خریدنے والوں پر آنے والے 5فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا بوجھ سرکاری خزانے پر ڈالدیا جائے۔ الجدعان نے توجہ دلائی کہ حساب المواطن کے توسط سے مقامی شہریوں کو جو رقم دی جا رہی ہے وہ پٹرول ، بجلی اورکھانے پینے کی اشیاء میں اضافے کے بوجھ سے نمٹنے کیلئے زرتلافی ہے۔