گلف فٹبال کپ عمان نے جیت لیا،معمولی حادثہ میں 40تماشائی زخمی
کویت سٹی: 23واں گلف فٹبال کپ عمان نے جیت لیا۔میچ کا فیصلہ پینلٹی ککس پر ہوا ۔فائنل میچ میں امارات کی ٹیم نے عمان کی ٹیم کو پورے میچ میں گول کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا جبکہ امارات کی ٹیم بھی کوئی موقع حاصل نہ کرسکی جس کے باعث کھیل کے آخر وقت کوئی ٹیم گول نہ کر سکی۔فیصلہ پینلٹی ککس پر گیا تو عمان نے 4کے مقابلے میں 5گول کرکے گلف فٹبال کپ جیت لیا۔ یہ دوسرا موقع ہے کہ عمان نے گلف کپ کے فائنل میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس سے قبل عمان نے 2009ءمیں گلف فٹبال کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔عمان کی ٹیم کے میچ جیتنے کے بعدشیخ جابر الاحمد اسٹیڈیم میں تقریب جاری تھی کہ ایک انکلوژر کی بالکونی کے سامنے شیشے کی دیوارتماشائیوں کے جوش و خروش کوبرداشت نہ کرسکی اوردھڑام سے گراونڈ کی جانب گر گئی جس کے باعث تماشائی بھی ایک دوسرے پر گرے۔ خوشی سے سرشار تماشائیوں کے گرنے سے تقریبا 40تماشائیوں کو معمولی زخم آئے۔ جس کے باعث جیت کی خوشی میں تکلیف کاعنصر شامل ہو گیا۔