کوالالمپور۔۔۔ملائیشیا کی متحدہ اپوزیشن نے سابق وزیراعظم اور مقبول رہنما مہاتیر محمد کو منصب وزارتِ عظمیٰ کے لیے اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔مہاتیر محمد کی عمر 92برس ہے۔ملائیشیا میں رواں برس اگست میں پارلیمانی انتخابات کا انعقاد ہو گا۔ متحدہ اپوزیشن نے اپنے ملک کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کو وزیراعظم کے منصب کے لیے اپنا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔مہاتیر محمد ملائیشیا کے بائیس برس وزیراعظم رہے تھے۔ اگر وہ یہ الیکشن جیت جاتے ہیں تو وہ جدید تاریخ میں انتخابات جیت کر وزیر اعظم بننے والے معمر ترین سیاست دان بن جائیں گے۔تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ ملائیشیائی عوام کے انتہائی مقبول لیڈر انور ابراہیم جیل میں مقید ہیں اور ایسی صورت میں مہاتیر محمد موجودہ وزیراعظم نجیب رزاق کے لیے ایک بہت بڑا سیاسی خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں، نجیب رزاق کو کرپشن الزامات کا سامنا بھی ہے اور اس کی وجہ سے اْن کی مقبولیت میں کمی دیکھی گئی ہے۔ملائیشیا کی متحدہ اپوزیشن کا اتحاد پیکٹ آف ہوپ(امید کا اتحاد) بھی کہا جاتا ہے۔ انوار ابرہیم اسی اتحاد کے رہنما ہیں۔مہاتیر محمد اپوزیشن کے اس اتحاد کے چیئرمین جبکہ انوار ابراہیم کی بیوی ڈاکٹر وان عزیزہ نائب چیرمین ہیں۔ اگست کے الیکشن میں مہاتیر محمد کو وزیراعظم اور ڈاکٹر وان عزیزہ کو نائب وزیراعظم کا امیدوار بنایا گیا ہے۔