Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میرفت بخاری پیٹرول اسٹیشن کی انچارج بننے والی پہلی سعودی خاتون

 ریاض .... میرفت بخاری نے ریاض کے الحقیل پیٹرول اسٹیشن کی انچارج بن کر مملکت میںپیٹرول اسٹیشن کی پہلی خاتون انچارج ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ بخاری الحقیل انویسٹمنٹ گروپ میں میڈیا سیکشن کی سربراہ بھی ہیں۔ انہوں نے سبق ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الحقیل پیٹرول اسٹیشن سعودی عرب میں جملہ خدمات فراہم کرنے والا پہلا ڈیجیٹل ماڈل پیٹرول اسٹیشن ہے۔ ممکن ہے یہ مشرق وسطی کا بھی پہلا ہو۔ یہ کارکردگی کے حوالے سے منفرد ہے۔ یہاں صفائی کا معیار نہایت اعلی درجے کا ہے۔ یہ پیٹرول اسٹیشن مملکت بھر میں قائم پیٹرول اسٹیشنوں کے لئے ایک مثال ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ میڈیا سے منسلک ہیں۔ انکا کام مختلف خدمات کو اجاگر کرنا ہے۔ اس حوالے سے حاصل ہونے والے تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پیٹرول اسٹیشن کو جدید شکل ، انداز میں منظم کیا ہے۔ کارکنان کو بہتر کارکردگی پر ترغیبات بھی پیش کی گئی ہیں۔ انکی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیا جاتا رہیگا۔ نتائج کی بنیاد پر ترغیبات دی جائیں گی۔ بخاری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شوق ہو تو ہر مشکل خود بخود آسان ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ سعودی لڑکیاں پیٹرول اسٹیشن کے کام اپنے ہاتھ میں لیں۔ کسی ڈر اور خوف کی ضرورت نہیں۔ امن و امان کے ساتھ کام کرسکتی ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارے پیٹرول اسٹیشن پر صارفین کو جو سہولتیں مہیا کی جائیں گی وہ مملکت بھر کے لوگوں کو حیران کردیں گی۔

شیئر: