Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہندوستانی آل راونڈر یوسف پٹھان ڈوپنگ میں5ماہ کیلئے معطل

 
ممبئی:ہندوستانی آل راونڈر اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی یوسف پٹھان کو کرکٹ بورڈ نے ڈوپنگ کے جرم میں معطل کردیا تاہم وہ14جنوری کو بحال بھی ہو جائیں گے کیونکہ اس سزا کا اطلاق گزشتہ تاریخوں سے ہے ۔یوسف پٹھان اب ڈومیسٹک کرکٹ میں بڑودہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ان کا موقف ہے کہ انہوں نے غلطی سے ممنوعہ مواد والی دوا استعمال کرلی تھی جس کی وجہ سے ان کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا۔ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یوسف پٹھان ڈوپنگ قواعد کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ۔ ان کے ڈوپنگ ٹیسٹ کے لئے نمونے گزشتہ سال مارچ میں لئے گئے تھے اور ان کے معائنے سے پتہ چلا کہ وہ ممنوعہ مواد استعمال کرنے میں ملوث ہیں۔ یہ مواد ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کی طرف بنائی گئی ممنوعہ مواد کی فہرست میں شامل ہے جس پر یوسف پٹھان کو ابتدائی طور پراکتوبر میں کوئی فرد جرم عائد کئے بغیر معطل کیا گیا تھا۔پوچھ گچھ کے دوران آل راونڈر نے تسلیم کیا کہ وہ سانس کی نالی میں انفیکشن کی وجہ سے ایک دوا استعمال کرتے رہے ہیں جو انہیں تجویز کردہ دوا کی جگہ غلطی سے دے دی گئی تھی اور اسی کی وجہ ان کے نمونوں میں ممنوعہ مواد پایا گیا حالانکہ ان کی اصل دوا میں یہ مواد موجود نہیں۔کرکٹ بورڈ کے مطابق یوسف پٹھان کے موقف کا آزادانہ اور غیر جانبدارانہ جائزہ سے ثابت ہوگیا کہ ان کا مقصد کوئی قوت بخش دوا استعمال کرنا نہیں تھا۔ جواب کو درست تسلیم کرتے ہوئے صرف5ماہ کی پابندی لگائی گئی اور اس عرصے کے دوران کھیلے گئے میچوں کے کچھ نتائج بھی معطل کئے گئے ۔ ان پر پابندی کا اطلاق اگست2017ءسے کیا گیا اور ان کی پابندی 14جنوری کی نصف شب اختتام کو پہنچ جائے گی۔پچھلی تاریخوں سے سزا کے اطلاق کی وجہ یوسف پٹھان کی جانب سے اس کوتاہی کو تسلیم کیا جانا ہے ۔

شیئر: