ریاض۔۔۔۔امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السند نے کہا ہے کہ خواتین کو صحت ضرورت کے تحت جسمانی ورزش کیلئے لیڈیز اسپورٹس کلب جانا جائز ہے۔ ڈاکٹر السند سے الرسالہ چینل کے فتویٰ پروگرام میں دریافت کیا گیا تھا کہ کیا خواتین لیڈیز اسپورٹس کلب جاسکتی ہیں جہاں موسیقی کی دھن پر جسمانی ورزشیں کرائی جاتی ہیں ۔ انہوں نے جواب دیا کہ اگر خاتون کو اپنی صحت کی خاطر مذکورہ جسمانی ورزشوں کی ضرورت ہے تو جاسکتی ہے بشرطیکہ کلب کے مالکان اور ذمہ داران مسلمان ہوں۔ یہ خاتون وہاں جاکر ذمہ داران کو میوزک ترک کرنے کی نصیحت کرسکتی ہے۔ اگر قبول کرلیں تو اچھی بات ہے ورنہ وہ میوز ک سننے سے بچاؤ کا کوئی انتظام کرلے۔