اوبر اور کریم جون سے سعودی ڈرائیور خواتین تعینات کریں گی
جمعرات 11 جنوری 2018 3:00
ریاض- - - - - - سعودی عرب میں اسمارٹ ایپلی کیشن کمپنیوں اوبر اور کریم نے واضح کیا ہے کہ جون 2018ء میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ہو جانے پر تعینات کیا جائے گا۔ اوبر سے مملکت میں سفر کرنے والی خواتین کاتناسب 80فیصد اور کریم سے سفر کرنے والی خواتین کا تناسب 70فیصد ہے۔ ان دونوں کمپنیوں میں سعودی خواتین ڈرائیور کے طور پر تعینات ہوں گی۔ CNNویب سائٹ نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ فی الوقت اوبر اور کریم کے تمام ملازم مرد ہیں۔ بیشتر سعودی ہیں۔ ان دونوں کمپنیوں نے خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دینے والے شاہی فرمان کے اجراء کے بعد ریاض ، جدہ اور الخبر میں 90منٹ تک کی متعدد میٹنگیں کیں۔ ایسی سعودی خواتین کی نشاندہی کی گئی جو ڈرائیونگ لائسنس حاصل کئے ہوئے ہیں اور بیرون مملکت موثر ہیں۔ کریم کے چیئرمین عبداللہ الیاس نے کہا کہ ہم شروع ہی سے خواتین کو اپنی اسکیم میں شامل کرنے کا عندیہ دیئے ہوئے ہیں۔ اوبر کا کہنا ہے کہ سعودی ڈرائیور خواتین کی خدمات حاصل کرنے کیلئے خصوصی دفاتر کھولے جائیں گے۔ کریم جون 2018 ء تک 10ہزار سعودی ڈرائیور خواتین کو روزگار دینے کی اسکیمیں تیار کئے ہوئے ہے۔ دونوں کمپنیوں نے خواتین کے تحفظ کیلئے سیکیورٹی تدابیر بھی تیار کر لی ہیں۔ اسی تناظر میں سعودی خواتین کو بحیثیت ڈرائیور کام کرنے کا حوصلہ مل رہا ہے۔