واٹس ایپ کی جانب سے کچھ عرصہ قبل غلطی سے بھیجے گئے پیغام کو ڈیلیٹ کرنے کے لئے فیچر متعارف کروایا گیا تھا جسے صارفین کی جانب سے خوب سراہا گیا تھا اور اب غلطی سے بھیجے جانے والے ایس ایم ایس کے لیے بھی ایسی ہی ایک ایپ متعارف کروادی گئی ہے جس کو استعمال کرتے ہوئے کسی بھی ایس ایم ایس کو واپس لیا اور اس کے مواد میں تبدیلی کی جاسکے گی۔ ایپ کا نام آن سیکنڈ تھاٹ ہے اور یہ موبائل میں ڈاؤن لوڈ ہونے کے بعد خود کار طریقے سے ایس ایم ایس پروگرام سے منسلک ہوجاتی ہے ۔ ایپلیکیشن کے ذریعے ایس ایم ایس کو بھیجنے کے بعد 60 سیکنڈ کے اندر اندر اسے ڈیلیٹ ، ان سینڈ اور ایڈٹ کیا جاسکتا ہے۔ ایپ کے ڈویلپرز کا دعویٰ ہے کہ اس اپلیکیشن کی مدد سے دوسرے افراد سے فون نمبر بھی چھپایا جا سکتا ہے۔اپلیکیشن کو گوگل پلے اسٹور پر ڈاؤنلوڈنگ کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔