ریاض.... پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ترجمان عبداللہ الصایل نے واضح کیا ہے کہ لیموزین کے نئے کرائے جاری ہونگے ۔ میٹر کی شروعات میں تبدیلی کی جائے گی۔ ڈرائیور کو اس کی پابندی کرنا ہوگی۔ کئی برس سے میٹر کی شروعات کا ضابطہ مقرر ہے تاہم اس پر عملدرآمد نہیں ہورہا۔ نئے کرایوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ الصایل نے یہ اطلاع دیتے ہوئے توجہ دلائی کہ لیموزین کے نئے کرائے مقرر کرتے وقت پٹرول کے نرخوں میں اضافہ اور ویلیو ایڈڈ ٹیکس کو مدنظر رکھا جائے گا ۔ علاوہ ازیں لیموزین سے استفادہ کرنے والے صارفین کے مفاد کا بھی لحاظ رکھا جائے گا۔ اتھارٹی چاہتی ہے کہ فریقین میں سے کسی کو نقصان نہ پہنچے اور دونوں کے مفادات متوازن شکل میں پورے ہوں۔ الصایل نے کہا کہ لیموزین کے نئے نرخ یقینا موجودہ نرخوں سے زیادہ ہونگے۔ پٹرول کے نرخ میں اضافے سے صورتحال تبدیل ہوگئی ہے۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ نیا کرایہ فی کلومیٹر کے حساب سے ہوگا۔ پوری دنیا میں یہ اصول رائج ہے۔ ہوائی اڈوں سے آبادی میں مسافر لانے لیجانے کے کرائے بھی متعین ہونگے۔ مملکت بھر میں موجود 30 ہزار سے زیادہ ٹیکسیوں پر نئے کرائے نافذ العمل ہونگے۔ اضافہ سب کیلئے مناسب رہے گا۔