سنچورین ٹیسٹ: جنوبی افریقہ 335 رنز پر آوٹ، ہند کے 183/5 رنز
سنچورین :کپتان ویرات کوہلی اور اوپنر مرلی وجے کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت ہند نے جنوبی افریقہ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 183رنز بنائے تھے اور اس کے 5 کھلاڑی آوٹ ہوئے تھے۔ دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر ویرات کوہلی 85 اور ہردک پانڈیا 11 رنز پر ناٹ آوٹ تھے۔ 28 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد ویرات کوہلی اور مرلی وجے نے اننگز کو سہارا دیا اور اسکور 107 رنز تک پہنچانے میں کامیاب ہوگئے۔ اس موقع پر مرلی وجے 46 رنز بناکر کیشو مہاراج کی گیند پر کو کوئنٹن ڈی کوک کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔ لوکیش راہل نے 10 رنز بنائے جبکہ چتیش واڑ پجارا بغیر کوئی رن بنائے رن آوٹ ہوئے۔ روہت شرما 10 اور پرتھیو پٹیل 19 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ دوسرے اینڈ پر کپتان کوہلی وکٹ پر ڈے ہوئے ہیں۔ قبل ازیں جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی اننگز میں 335 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔ ٹیسٹ کے پہلے دن جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ایڈن مرکرام اور ڈین ایلگر نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 85 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم ایشون نے 31 رنز بنانے والے ایلگر کو آوٹ کر کے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی۔جنوبی افریقہ کا اسکور جب 148 رنز پر پہنچا تھا تو 94 رنز کی انفرادی اننگز کھیلنے والے اوپنر ایڈن مرکرام بھی ایشون کی گیند پر پویلین لوٹ گئے اور ڈی ویلیئرز جنوبی افریقہ کے تیسرے آوٹ ہونے والے بلے باز تھے جنھوں نے20 رنز بنائے تھے۔ہاشم آملہ اور ایڈن مرکرام نے جنوبی افریقہ کے اسکور کو 246 رنز تک لانے میں اہم کردار ادا کیا تاہم آملہ 82 رنز بنا کرپویلین لوٹ گئے۔ بدقسمتی سے صرف 4 رنز کی کمی کے باعث مرکرام سنچری مکمل نہ کرسکے ، 94 رنز بناکر ایشون کا شکار ہوگئے ۔ کپتان فاف ڈوپلیسس نے بھی 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ایشون اور ایشانت شرما کی تباہ کن بولنگ کے باعث جنوبی افریقی ٹیم 335 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ ہند کی جانب سے ایشون نے 4 اور ایشانت شرما نے 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ایک وکٹ محمد شامی کے حصے میں آئی۔ جنوبی افریقہ کے 2 کھلاڑی رن آوٹ ہوئے۔