بلائنڈ ورلڈ کپ:پاکستان نے ریکارڈ 563رنز بنائے
عجمان: پانچویں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو ریکارڈ 393 رنز سے شکست دے دی۔ایم سی سی گراونڈ عجمان میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 40 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 563 رنز کا پہاڑ کھڑا کرتے ہوئے ون ڈے میچز کا سب سے بڑا سکور کیا۔ قومی ٹیم نے 563 رنز اسکور کرتے ہوئے اپنا ہی ریکارڈ بہتر بنایا، گرین شرٹس نے اس سے قبل 2010 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ان کی ہی سرزمین پر 517 رنز بناتے ہوئے ون ڈے میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ عامر اشفاق نے شاندار ڈبل سنچری اسکور کی، وہ 208 رنز بنانے کے بعد ریٹائر ہرٹ ہو گئے، ثناءاللہ 143 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آوٹ ہوئے، ہارون خان نے بھی سنچری اسکور کی۔جواب میں آسٹریلوی ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 32 ویں اوور میں 170 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ پاکستان کی جانب سے مطیع اللہ نے 2 جبکہ ہارون خان، محمد اعجاز، محمد آصف اور ظفر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔عامر اشفاق ڈبل سنچری بنانے پر مین آف دی میچ قرار پائے۔