ترواننت پورم۔۔۔۔۔ کیرالہ کے سابق وزیر اعلیٰ اومن چانڈی نے مرکزی حکومت کے اس اقدام کی مذمت کی جس میں حکومت نے ان لوگوں کیلئے نارنگی (زعفرانی)رنگ کا پاسپورٹ لانے کا فیصلہ کیاہے جنہوں نے 10ویں کلاس کا امتحان پاس نہیں کیا ۔ چانڈی نے اسے امتیازی پالیسی قراردیا۔ اس پالیسی سے 2قسم کے شہریوں کی علامت ظاہر ہوگی۔ایک جو تعلیم یافتہ اور دوسرے جو ناخواندہ۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل سے بیرون ملک ہندوستانیوں کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جائیگا۔چانڈی نے کہا کہ ہمارے بہت سے ہم وطنوں نے مشرق وسطیٰ کے ممالک میں مشکل حالات میں رہ کر محنت کی اور زرمبادلہ ملک بھیج کر ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ امیگریشن محکمہ کے سربراہ ایس ارودیاراجن نے مجوزہ اقدامات کی مذمت کی اور کہا کہ کیرالہ کے 25لاکھ تارکین وطن میں سے تقریباً15فیصد نے دسویں پاس نہیں کی تو دوسری ریاستوں میں یہ تعداد 50فیصد سے زیادہ ہوگی لہذا شہریوں کو تعلیمی قابلیت کی بنیاد پر تقسیم کی تجویز ناقابل قبول ہے۔