یمن سلمان کے دل میں
جمعرات 18 جنوری 2018 3:00
جمعرات 18جنوری 2018ءکو سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”عکاظ” کا اداریہ
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے یمن کے سینٹرل بینک میں 2ارب ڈالر ڈپازٹ کرنے کا حکم جاری کرکے ایک بار پھر یمنی بھائیو ں کے درد اور مصیبت سے سعودی عرب کے غیر معمولی احساس کا عملی اظہار کردیا۔ شاہی ہدایت نے یہ حقیقت مزید آشکارا کردی کہ سعودی عرب ایرا ن کے حمایت یافتہ حوثیوں کے دباﺅ میں زندگی گزارنے والے یمنی بھائیوں کے دکھ درد کو دور کرنا اپنا فرض سمجھتا ہے ۔ ایران کے حمایت یافتہ حوثی یمنیوں سے انکا وطن اور انکی دولت چرانے کے چکر میں پڑے ہوئے ہیں۔
خادم حرمین شریفین نے 2ارب ڈالر کی امانت یمنی سینٹرل بینک میں جمع کرانے کی جو ہدایت دی ہے وہ اپنی نوعیت کی پہلی نہیں۔ شاہ سلمان یمنی بھائیوں کے دکھ درد کو اپنا دکھ درد بنائے ہوئے ہیں۔ جس وقت ایران نواز تاریکی پھیلانے والے حوثی باغیوں نے یمن کے دارالحکومت پر قبضہ کیا تھا اور یمن کے باقی صوبوں اور شہروں کی طرف یلغار کی تھی یمنی عوام کے خلاف ہتھیاراٹھائے تھے تب بھی سعودی عرب انکی مدد کیلئے میدان میں آیا تھا۔ سعودی عرب نے فیصلہ کن طوفان کا فیصلہ کرکے یمنی بھائیوں کے مصائب دور کرنے کا پختہ عزم ظاہر کیاتھا۔ یمنی عوام اپنے عرب تشخص کی بابت کسی بھی قسم کے سوال کو اپنی توہین سمجھتے ہیں۔
یمن کے سینٹرل بینک میں سعودی عرب کی جانب سے جمع کئے جانے والے 2 ارب ڈالر یمنی بھائیو ںکی مالی پوزیشن بہتر بنانے اور ان کے مصائب کم کرنے میں معاون بنیں گے۔ اس سے یمنی ریال کی قدر بہتر ہوگی۔ سعودی عرب مجموعی طور پر یمن کے سینٹرل بینک میں 3ارب ڈالر جمع کراچکا ہے۔ سعودی عرب نے ہمیشہ یمنی حکومت کی مدد اور حمایت کا برملا اظہار کیا ہے۔سعودی حکومت کا غیر متزلزل موقف ہے کہ یمن میں امن و استحکام ، امن و اامان اور سکون و اطمینان کی بحالی کی خاطر دہشتگرد حوثیوں سے یمن کے تمام علاقوں کی بازیابی میں یمنی حکومت کی مددکی جاتی رہیگی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭