حیدرآباد- - - - -تلنگانہ حکومت اس مرتبہ تقریباً 2لاکھ کروڑ روپئے کے بجٹ کو قطعیت دینے کا منصوبہ رکھتی ہے۔اس سلسلہ میں مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تجاویز روانہ کریں۔ذرائع کے مطابق 12مارچ سے بجٹ اجلاس شرو ع کرنے کی حکومت تیاریاں کر رہی ہے۔تلنگانہ کی تشکیل اور ریاست میں ٹی آرایس کے اقتدار میں آنے کے بعد یہ چوتھا بجٹ ہوگا۔جاریہ مالی سال 2017-18میں 1.49لاکھ کروڑ روپئے کا بجٹ پیش کیا گیا تھا۔مارچ میں شروع ہونیوالے مالی سال 2018-19کا بجٹ اجلاس ٹی آرایس حکومت کی جانب سے پیش کیا جانیوالا آخری بجٹ ہوگاکیونکہ 2019کے اوائل میں انتخابات کی تیاریاں شروع ہوجائیں گی۔ ذرائع کے مطابق اس بجٹ میں چیف منسٹر رائے دہندوں کو راغب کرنے کیلئے بھاری رقومات کو مختلف محکمہ جات کیلئے الاٹ کر سکتے ہیں۔اس مرتبہ محکمہ آبپاشی کے لئے تقریباً 30ہزار کروڑ روپئے بجٹ کی تجاویز رکھی گئی ہے۔ اسی طرح حکومت جاریہ سال سے ریاست کے تقریباً ایک کروڑ کسانوں کو فی ایکڑ 8000روپئے سالانہ بطور کاشت اخراجات کی امداد بھی کرنے والی ہے۔اس اسکیم پر عمل کیلئے سالانہ 12ہزار کروڑ روپئے کے مصارف عائد ہوں گے ۔اس مرتبہ دیہی علاقوں کی ترقی پر بھی زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص کئے جانے والے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ اس مرتبہ کے بجٹ میں سماج کے تمام طبقات کی مساوی ترقی کیلئے زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص کرنے کا چیف منسٹر نے منصوبہ بنایا ہے جس سے اقلیتوں ، بی سی ، ایس سی ، ایس ٹی،بہبود کے بجٹ میں بھی کافی اضافہ ہونے کی امید ہے۔ ساتھ ہی شادی مبارک اور کلیانا لکشمی اسکیم کی رقومات میں بھی اضافہ کی توقع ہے۔