سرفراز احمد غلطیوں سے سبق سیکھیں، کوئی پیدائشی کپتان نہیں ہوتا،عاقب جاوید
لاہور: نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی نے سابق کرکٹرز کو بھی پریشان کر دیا۔سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے کہاکہ ٹیم نویں نمبر تک بیٹنگ کر سکتی تھی جس کا واضح ثبوت ٹیل انڈرز کی عمدہ کارکردگی ہے لیکن ابتدائی بیٹسمین اپنی ذمہ داری نبھا نے میں ناکام رہا۔انہوں نے کہا کہ سیریز میں سرفراز احمد کی کوئی حکمت عملی اور منصوبہ بندی بھی نظر نہیں آئی۔ بابر اعظم پر قابو پانے کیلئے نیوزی لینڈ نے کامیاب حکمت عملی تیار کررکھی تھی لیکن پاکستان کے پاس کوئی متبادل منصوبہ نہیں تھا۔ اس صورتحال میں سرفراز احمد خود پہلے آ کر بیٹنگ کرتے تو نوجوان بیٹسمین کو فارم میں واپسی کا موقع مل جاتا۔عاقب جاوید نے کہا کہ سب سے بڑی غلطی یاسر شاہ کو اسکواڈ میں شامل نہ کرنا تھا، بگ بیش میں پاکستانی لیگ اسپنر نے نئی گیند سے اوور کرائے، اگر شاداب خان کے ساتھ یاسر شاہ بھی ہوتے تو میزبان ٹیم کو پریشان کرسکتے تھے۔ سرفراز احمد کو اپنی غلطیوں سے سبق سیکھنا چاہیے، کوئی بھی پیدائشی کپتان نہیں ہوتا۔ سابق فاسٹ بولر شبیراحمد نے کلین سویپ شکست کو شرمناک قرار دیتے ہوئے قومی سلیکشن کمیٹی سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔ انھوں نے کہا کہ اس شکست کی بنیادی وجہ سلیکشن کمیٹی کی طرف سے ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کار کردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل نہ کرنا تھا۔