نئی دہلی۔۔۔۔۔سنجے لیلا بھنسا لی کی فلم پدماوت کی ریلیز میں صرف 4دن رہ گئے لیکن فلم سے خطرات کے بادل چھٹنے کے نام نہیں لے رہے ۔ سینسر بورڈ کے بعد سپریم کورٹ سے بھی فلم کی نمائش کی اجازت ملنے کے باوجودفلم کیخلاف مظاہرے رکنے کا نام نہیں لے رہے۔گزشتہ روز گجرات کے کئی علاقوں میں فلم کیخلاف کرنی سیناکے مظاہرے سے ملٹی پلیکس ایسوسی ایشن دہشت کا شکار ہوگئی ہے اور اس نے فلم کی نمائش سے انکار کردیا۔کرنی سینا والوں نے فلم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے گجرات کے مہسانا میں متعدد بسوں میں آگ لگادی ۔سڑک پر آنے جانے والی گاڑیوںکو نقصان پہنچایا اور راہگیروں کو بھی پریشان کیا۔موقع پر موجود پولیس مظاہرین کے آگے بے بس نظر آئی ۔ سرکاری بسوں کو بس اسٹیشن میں ہی روک دیا گیا۔علاوہ ازیں کرنی سینا نے احمد آباد کے نیکول میں بھی ہنگامہ اور توڑ پھوڑ مچایا۔ وہاں کے راج ہنس سنیما ہال پر پتھراؤ کرکے کھڑکیوں کے شیشے توڑدیئے ۔فلم پدماوت کے ہدایت کارسنجے لیلا بھنسالی نے کرن سینا اور دیگر راجپوت تنظیموں کو فلم دیکھنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ راجپوت تنظیمیں اصل موضوع سے ہٹ گئی ہیں۔