وسیع وعریض پویلین میں مختلف ریاستوں کی سماجی تنظیمیں شامل ہونگی، دونوں ملکوں کے دانشور مدعو ہونگے، پریس کانفرنس سے سفیر ہند کا خطاب
ریاض(کے این واصف) سعودی عرب کے سالانہ ثقافتی میلے" جنادریہ فیسٹول 2018 " میں امسال ہندوستان بحیثیت مہان اعزازی شرکت کرے گا جس کا افتتاح 7 فروری کو عمل میں آئے گا۔ یہ بات سفیر ہند احمد جاوید نے پیر کو انڈین ایمبیسی میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ اس میلے میں ہر سال دنیا کے کسی ایک ملک کو مہمان اعزازی کی حیثیت دی جاتی ہے اور انتظامیہ اس ملک کو ایک وسیع پویلین الاٹ کرتی ہے جس میں وہ اپنے ملک کے ترقیاتی پروجیکٹس، سیاحت اور تہذیبی جھلکیاں پیش کرسکتا ہے۔ احمد جاوید نے بتایا کہ انڈین پویلین کے ایک حصہ میں باری باری سے یہاں مقیم مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والی سماجی تنظیمیں اپنی اپنی ریاست سے متعلق مواد پر مشتمل اشیاءکی نمائش کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ہندوستان سے ایک اعلیٰ سطحی وفد میلے میں شرکت کیلئے آئیگا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان کچھ معاہدوں پر بھی دستخط ہونگے۔ احمد جاوید نے بتایا کہ 18 دن جاری رہنے والے اس فیسٹول میں انڈین ایمبیسی سمینارز کا اہتمام بھی کرے گی جس میں سعودی اور ہندوستانی دانشور حصہ لیں گے۔ جنادریہ ریاض کے مضافات میں 50 کلومیٹر دور واقع ہے اس میلے میں عوام کیلئے داخلہ مفت ہوتا ہے۔ پریس کانفرنس میں نائب سفیر ہند ڈاکٹر سہیل اعجاز خان اور ڈاکٹر حفظ الرحمان بھی موجود تھے۔