اسٹون اسمتھ نے بال ٹمپرنگ کا الزام مسترد کردیا
میلبورن: آسٹریلوی ٹیم کے کپتان اسٹون اسمتھ نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ کے دوران بال ٹمپرنگ کے الزام کو مسترد کردیا۔اس میچ کے دوران ٹی وی کیمروں نے ایک منظر ریکارڈ کیا تھا جس میں بظاہر اسمتھ اپنے ہونٹوں پر لگی کریم کو گیند پر لگا کر اسے چمکانے کی کوشش کررہے تھے۔میزبان ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا تھا کہ انہوں نے ایسی کوئی حرکت نہیں کی جو بال ٹمپرنگ کے زمرے میں آتی ہو اور وہ صرف روایتی انداز میں گیند کو چمکانے کی کوشش کررہے تھے ۔جہاں تک ہونٹوں سے کریم لے کر گیند پر لگانے کا تعلق ہے تو دیکھا جا سکتا ہے کہ میر ے ہونٹوں پر کسی قسم کی کوئی کریم نہیں تھی اور یہ مکمل طورپر خشک نظر آرہے تھے۔انہوں نے کہا کہ میں نے صرف تھوک سے گیند کو چمکایا جسے بال ٹمپرنگ قرار دیا جارہا ہے حالانکہ جب میرے ہونٹوں پر کریم تھی ہی نہیں تو میں اسے گیند پر کیسے لگاتا ۔ اس میچ میں انگلینڈ نے فتح حاصل کرکے سیریز بھی جیت لی ہے۔ اس میچ میں اسٹیون اسمتھ کے آوٹ ہونے کے حوالے سے بھی تنازع ہوا تھا اور کپتان انگلش وکٹ کیپر کے ہاتھوں اپنے کیچ ہوجانے سے متعلق امپائر کے فیصلے سے مطمئن نہیں تھے۔