’بارش کے بعد گلیوں سے پانی بہہ گیا لیکن قذافی سٹیڈیم خشک نہ ہو سکا‘
آسٹریلیا اور افغانستان کا میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ ختم ہوا (فوٹو: اے ایف پی)
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کا افغانستان اور آسٹریلیا کا میچ بارش کے بعد بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔
جمعے کو افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو میچ جیتنے کے لیے 274 رنز کا ہدف دیا تھا۔
آسٹریلیا نے اننگز بریک کے بعد جارحانہ بیٹنگ کا آغاز کیا اور 12.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 109 رنز سکور کیے تھے کہ بارش کے باعث کھیل کو روکنا پڑا۔
بارش کے بعد گراؤنڈ کو سکھانے کے عمل کا آغاز ہوا اور انسپیکشن کے بعد میچ کو منسوخ کر دیا گیا۔
اس تمام صورت حال کے دوران قذافی سٹیڈیم کے آؤٹ فیلڈ کو سکھانے کے مناظر بھی ٹیلی وژن سکرینز پر دکھائی دیے جو اب سوشل میڈیا پر نئی بحث کا موضوع بن چکے ہیں۔
یہ مناظر تصاویر اور ویڈیوز کی شکل میں سوشل میڈیا پر وائرل ہیں اور دنیا بھر سے کرکٹ شائقین ان پر تنقید اور تبصرے کر رہے ہیں۔
کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرکٹ ٹریکر نے تصاویر کا مجموعہ شیئر کیا جس میں گراؤنڈ سٹاف کو وائپرز سے پانی گراؤنڈ سے باہر دھکلیتے دیکھا جا سکتا ہے اور اسی دوران ایک سٹاف ممبر پھسل کر گر بھی پڑتا ہے۔
کرک ٹریکر نامی اکاؤنٹ سے پانی سکھانے کے عمل کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’دیکھو لاہور میں کیا ہو رہا ہے۔‘

کرک وائپز نامی اکاؤنٹ نے لکھا ’صرف 30 منٹس کی بارش کے بعد قذافی سٹیڈیم کا یہ حال ہو جاتا ہے۔‘

شکیل خان خٹک نامی صارف نے لکھا ’محسن نقوی کے عظیم کارناموں پر نظر دوڑائیں، کس قدر آسانی سے پانی قذافی سٹیڈیم سے بہہ گیا، سٹیڈیم میں تو پانی ٹھہرا ہی نہیں۔‘

فرید خان نامی صارف نے لکھا ’یہ تو بھائی جادو ہے، قذاقی سٹیڈیم میں دنیا کا نکاسی آب کا نظام دنیا کے سب سے بہترین نظاموں میں سے ایک ہے۔‘

احمد حسیب نے لکھا ’بارش کے بعد گلیوں سے پانی بہہ گیا لیکن قذافی سٹیڈیم سے پانی نہ خشک ہو سکا۔‘

