90 سال پہلے :سرکاری دفاتر رات 3 بجے سے صبح 8 تک کام کریں گے!
’سعودی عرب میں غروبی ٹائم کا رواج تھا اور اسی پر عمل ہوتا تھا‘ ( فوٹو: سبق)
رمضان المبارک میں دفاتر کے اوقات کی تبدیلی قدیم زمانے کی روایت ہے جس پر آج بھی عمل ہو رہا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سرکاری گزٹ ام القری کا 15 دسمبر 1933 کا شمار رمضان المبارک میں سرکاری دفاتر کے ڈیوٹی کے اوقات کار کی وضاحت کرتا ہے۔
سرکاری خبر میں ہے کہ ’ایوان شاہی نے اعلان کیا ہے کہ رمضان 1352 کے دوران تمام سرکاری دفاتر میں رات 3 بجے سے صبح 8 بجے تک کام کریں گے‘۔
’سرکاری دفاتر کے اوقات میں یہ تبدیلی ہر سال رمضان المبارک کے دوران کی جاتی ہے‘۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں غروبی ٹائم کا رواج تھا اور اسی پر عمل ہوتا تھا۔
غروبی وقت کے مطابق مغرب کی اذان کے ساتھ نیا دن مانا جاتا تھا جس پر لوگ اپنی گھڑیاں رات 12 بجے کرتے لیتے تھے۔
سعودی عرب میں غروبی ٹائم 1964 تک رائج تھا جس کے بعد اسے زوالی ٹائم میں تبدیل کردیا گیا۔
حالیہ وقت کے مطابق 90 سال پہلے سرکاری دفاتر کی ڈیوٹی رات 10 بجے سے 3 بجے فجر سے قبل تک ہوا کرتی تھی۔