اسلام آباد...چیئر مین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے 179میگا پراجیکٹس میں 960ارب روپے کی کرپشن اسکینڈلز کی تحقیقات کا جائزہ لینے کے لئے ڈائریکٹر جنرل نیب کو طلب کر لیا ۔تحقیقات میں تاخیری حربے استعمال کرنے کی وضاحت بھی طلب کر لی ۔ سابق چیئر مین نیب چوہدری قمر الزمان نے179کرپشن اسکینڈلز کو سرد خانے میں ڈال دیا تھا موجودہ چیئر مین نیب جسٹس جاوید اقبال نے میگا اسکینڈلز کی فوری تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔ نیب کی طرف سے جاری ایک اعلامیہ کے مطابق تمام ڈائریکٹر جنرل نیب بشمول ڈی جی آپریشن ہیڈ کوارٹر کو حکم دیا گیا ہے کہ ملک کے 179میگا کرپشن اسکینڈل کی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا جائے اور اب تک ان اسکینڈلز کی تحقیقات نہ ہونے کی وضاحت بھی دی جائے۔ ملک کے 179میگا اسکینڈ لز میں نواز شریف، شہباز شریف، آصف زرداری ، راجہ پرویز اشرف، یوسف گیلانی ، شاہد خاقان عباسی ، آصف زرداری ، خورشید شاہ، سہیل انور سیال کے علاوہ 25ہاوسنگ سوسائٹیوں کے مالکان ملوث ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ میگا اسکینڈلز کے ملزمان نے نیب حکام کی ملی بھگت سے عدالتوں سے حکم امتناعی بھی حاصل کر رکھا ہے۔