شوریٰ کی رکن خواتین کی کوشش ناکام
ریاض.... سعودی مجلس شوریٰ نے بلدیاتی کونسلوں کی رکن خواتین اور مردوں کو ایک ہی ہال میں بیٹھنے کی اجازت دینے کی سفار ش مسترد کردی۔ شوریٰ کی 3 ارکان نورہ المساعد، لینا المعینا اور عالیہ الدھلوی نے سفارش پیش کی تھی کہ بلدیاتی کونسلوں کے لائحہ عمل کی دفعہ 107 میں ترمیم کی جائے جس میں پابندی لگائی گئی ہے کہ بلدیاتی کونسلوں کی رکن خواتین کلوز سرکٹ ٹی وی سسٹم سے اجلاسوں میں شرکت کریں۔ مذکورہ تینوں رکن خواتین نے اسکی منسوخی کی تجویز دی تھی اور رکن خواتین کو مرد ممبران کے ساتھ ٹھیک اسی طرح بیٹھنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا تھا جس طرح مجلس شوریٰ میں ہورہا ہے۔ لطیفہ الشعلان نے اس تجویز کی زبردست وکالت کی تاہم یہ تجویز کثرت آرا سے مسترد ہوگئی۔