تیسراٹیسٹ : ہند نے 63رنز سے جنوبی افریقہ کو ہرا دیا
جوہانسبرگ: ہندنے محمد شامی کی تباہ کن بولنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کو سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں 63 رنز سے شکست دے دی جبکہ جنوبی افریقہ نے سیریز 2-1 سے پہلے ہی نام کرلیا تھا۔جوہانسبرگ میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 241 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میچ کے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز میں 177 رنز پر چلتی بنی۔جنوبی افریقہ نے جب چوتھے روز 17 رنز ایک کھلاڑی آوٹ پر دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے کامیابی کےلئے مزید 224 رنز درکار تھے۔ڈین ایلگر اور ہاشم آملہ نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 124 تک پہنچایا تھا کہ ایشانت شرما نے آملہ کو آوٹ کر کے نہ صرف اہم شراکت ختم کی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، آملہ 52 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔آملہ کے بعد ایلگر ایک اینڈ پر ڈٹے رہے تاہم دوسری جانب سے کوئی بھی کھلاڑی ان کا ساتھ نہ دے سکا اور یکے بعد دیگرے تمام بلے باز آوٹ ہوتے گئے، ایلگر 86 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ایلگر نے جنوبی افریقہ کے لئے دوسری مرتبہ بیٹ کیری کرنے کا اعزاز حاصل کیا تاہم ٹیم کومیچ میں شکست سے نہ بچا سکے۔تجربہ کار بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز6، کپتان فاف ڈیوپلیسی 2، فلینڈر 10 اور نگیڈی 4 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔محمد شامی کی نپی تلی بولنگ کے سامنے جنوبی افریقہ کے 8 بلے باز دہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے اور پوری ٹیم 177 رنز پر آوٹ ہوئی۔ ہند کی جانب سے محمد شامی نے 5، جسپریت بمرا اور ایشانت شرما نے 2، 2 اور بھنیشور کمار نے ایک وکٹ حاصل کی۔جنوبی افریقہ کو سیریز کے آخری ٹیسٹ میں 63 رنز سے شکست ہوئی تاہم میزبان ٹیم نے ابتدائی دومیچوں میں کامیابی حاصل کرکے سیریز جیت لی تھی۔بھنیشور کمار کو میچ اور جنوبی افریقہ کے ورنن فلینڈر کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔