نئی دہلی۔۔۔۔۔ کانگریس نے اترپردیش کے کاس گنج میں فرقہ وارانہ فساد کیلئے ریاست کی یوگی حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئےواقعات کی تحقیقات عدالت سے کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس کے سینئررہنما اوررکن اسمبلی پرمود تیواری نے پارٹی صدر دفتر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ3 دنوں سے کاس گنج میں فرقہ وارانہ تشددجاری ہے اور اس کا اثر ریاست کے دوسرے علاقوں پر بھی پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یوپی حکومت اور مقامی انتظامیہ صورتحال سےنمٹنے میں پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کاس گنج میں فسادبرپا کرنے والے سماج دشمن عناصر کو جلد سے جلد گرفتار کرکے سخت سزا دی جائےاور پرتشدد واقعات کی آزادانہ و غیرجانبدارانہ تفتیش کے لئے ہائی کورٹ کے موجودہ جج پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے۔