بابر اعظم پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون بیٹسمین بن گئے
دبئی :نوجوان پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی نئی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگئے ۔ نیوزی لینڈ کے بولر مچل سینٹنرنے بھی ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی ۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچوںکی سیریز کے اختتام پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹوئنٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کردی ۔ پاکستان کے بیٹسمین بابر اعظم پہلی مرتبہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ کی جگہ نمبر ون بیٹسمین بن گئے ہیں ۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دوسرے پاکستانی بیٹسمین ہیں ۔2009ءمیں سابق کپتان مصباح الحق نے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔پاکستانی ٹیم نے اس سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سیریز بھی اپنے نام کرلی تھی اور پھر فارمیٹ کی نمبر ون ٹیم بھی بن گئی ۔آئی سی سی کے مطابق اس سیریز میں بابر اعظم 109رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے ۔ رینکنگ میں11درجے ترقی کرتے ہوئے پہلے نمبر پر آگئے۔ اس سے پہلے آسٹریلیا کے ایرون فنچ نمبر ون بیٹسمین تھے تاہم بابر اعظم 2پوائنٹس کے فرق کے ساتھ انھیں پیچھے چھوڑنے میں کامیاب رہے۔ ان کے ریٹنگ پوائنٹس786جبکہ فنچ کے784 ہیں۔ ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر ہیں۔ بابر اعظم کے علاوہ پاکستان کا کوئی بلے باز ٹاپ 10 کی فہرست میں شامل نہیں تاہم کپتان سرفراز احمد اور اوپنر فخر زمان با لترتیب21 اور41درجے ترقی کرکے55ویںاور71ویں نمبر پر پہنچے ہیں۔سیریز میں اچھی بولنگ نے نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر کو نمبر ون بنا دیا اور انہوں نے ہم وطن ایش سودھی کی پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا جو اب تیسرے نمبر پر چلے گئے ۔ افغانستان کے راشد خان دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی بولرزکی فہرست میں پاکستانی ٹیم کے عماد وسیم کا 7واں اور شاداب خان کا14واں نمبر ہے۔ٹی ٹوئنٹی کے آل راونڈرز کی فہرست میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن بدستور پہلی پوزیشن پر ہیں۔ آسٹریلیا کے گلین میکسویل دوسرے اور افغانستان کے محمد نبی تیسرے نمبر پر ہیں۔آل راونڈرز کی فہرست میں پاکستان کے شعیب ملک 12 ویںاور محمد حفیظ 15 ویںنمبر پر ہیں۔