Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایرانی حمایت یافتہ ملیشیاﺅں کی یمن دشمنی

30جنوری 2018ءکو سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”عکاظ “ کا اداریہ

یمن کی آئینی حکومت کی بحالی کیلئے قائم عرب اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے تازہ ترین بیان دیکر آئینی حکومت کی بحالی سے متعلق عرب اتحاد کی پالیسی پر مہر تصدیق ثبت کردی۔ ترکی المالکی نے بیان دیکر واضح کردیا کہ عرب اتحاد کا اولیں ہدف یمنی عوام کے مفادات کا لحاظ، یمن کے امن، استحکام اور اتحاد و سالمیت کے تحفظ کا اہتمام ، یمن کے تمام سیاسی فریقوں کے درمیان پڑنے والی دراڑ کو پر کرنا اور یمنی عوام کے واحد دشمن ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کو کسی بھی موقع سے ناجائز فائدہ اٹھانے نہ دینا ہے۔
یمن اپنی تاریخ کے نازک موڑ پر کھڑا ہوا ہے۔ صورتحال کا تقاضا ہے کہ یمن کے تمام سیاستدان اور تمام جماعتیں تفرقہ و انتشار کو پس پشت ڈالیں۔ حوثی دشمن کے مقابلے میں صف بستہ ہوجائیں۔ اس حقیقت کو مدنظر رکھیں کہ ان کے دشمن حوثی بدترین اور گھناﺅنے ترین جرائم کیلئے انکی گھات میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ حوثیوں کو یمنی عوام کا جرات مندانہ موقف انتہائی برا لگ رہا ہے۔ انہیں یہ بات پسند نہیں کہ یمن اپنے تاریخی عرب کردار اور اپنے وقار کے تحفظ کیلئے کچھ کرے۔
عرب اتحاد نے یمن کے مختلف سیاستدانوں کو ضبط و تحمل سے کام لینے اور یمن کے مفادات کو ہر مفاد پر بالا رکھنے کی ضرورت کا پیغام دیا ہے۔ عرب اتحاد نے معاملات کو عقل و فراست سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اس مخلصانہ اپیل کی بدولت خونریزی پر قابو پانے اور حالات کو معمول پر لانے میں مدد ملی ہے۔ عدن میں موجود یمن کے طاقت کے مراکز کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ چھوٹے موٹے اختلافات کو نظر انداز کریں اورحقیقی دشمن کو لگام لگانے پر توجہ مرکوز کریں۔ یمن کے اعلیٰ مفادات کیلئے حقیقی شراکت پر توجہ دیں۔یمنی عوام کو حوثی باغیوں کے دلدل سے نکالنے کی مہم میں تعاون کریں۔ بغاوت کے خاتمے اور ریاستی اداروں کی بحالی میں حصہ لیں۔
یمنی عوام کا فرض ہے کہ وہ صدر عبدربہ منصور ہادی کی ہدایات کو من و عن قبول کریں۔ وہ خونریزی بند کرنے اور یمن کے دشمنوں کو ملکی امن و امان سے کھیلنے کی کوششیں ناکام بنانے پر زور دے رہے ہیں۔ وہ یمن کے اتحاد و سالمیت کے مشن کو آگے بڑھانے کی تحریک چلا رہے ہیں۔ وہ محدود نجی مفادات سے بالا ہوکر یمن کے اعلیٰ قومی مفادات کیلئے جدوجہد پر آمادہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭

شیئر: