سوچی، روس..... روس کے ایک اسپتال میں 2نرسوں کو اپنی مجرمانہ غفلت اور پیشے کے آداب کو بالائے طاق رکھنے کے جرم میں ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے جنہوں نے اپنی بددماغی کیوجہ سے ایک مریض کو اسپتال سے زبردستی نکال کر باہر پھینک دیا۔ یہ منظر موقع پر موجود کچھ لوگوں نے دیکھا اور انہیں روکنے کی کوشش کی تو نرسوں کا روکھا جواب تھا کہ اگر آپ کو اس مریض کی ضرورت ہے تولیجائیں ہمارے یہاں اسکی کوئی گنجائش نہیں۔ خفیہ کیمروں نے ان نرسوں کی حرکت کو نمایاں کردیا جس کے بعد ا ن کے پاس اپنی حرکتوں کا کوئی جواز نہیں تھا چنانچہ انہیں ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑا۔ خفیہ کیمرے نے اس موقع کی جو تصویر جاری کی ہے اس میں اسپتال سے نکال کر باہر پھینکا جانے والا شخص اسپتال کے باہر گاڑی کے قریب زخمی حالت میں بے یارو مدد گار پڑا ہے جبکہ ٹانگ میں بڑا زخم ہے جس سے خون بھی رس رہا ہے۔ خفیہ کیمرے سے پتہ چلتا ہے کہ دونوں نرسوں نے ایمرجنسی وارڈ سے اس مریض کو وہیل چیئرپر بٹھایا اور پھر بے رحمی سے دھکیلتے ہوئے اسپتال کے باہر لائیں اور پھر وہیل چیئر سے دھکا دیکر زمین پر گرا کر چلتی بنیں۔ واضح ہو کہ یہ و ہ شہر ہے جہاں اس سال کا فیفا ورلڈکپ منعقد ہونے والا ہے اور اسی وجہ سے روسی حکومت نے اپنے اسپتالوں اور تمام امدادی اداروں کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کررکھی ہے مگر ان دونوں نرسوں نے ان تمام کوششوں پر پانی پھیرنے کی کوشش کی ہے جو حکومت سوچی شہر کو محفوظ اور مامون بنانے کیلئے کررہی ہے۔ مقامی محکمہ صحت کی سربراہ میرینا وارٹازریان کا کہناہے کہ وہ ان نرسوں کی حرکت کی شدید مذمت کرتی ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ کچھ مریض خاص قسم کی دوائوں اور علاج سے گھبراتے ہوں اور علاج کرانے سے اسپتال آنے کے بعد بھی انکار کردیں۔ مگر اسکا مطلب یہ نہیں کہ اس طرح انہیں اسپتال سے باہر نکالا جائے۔