اسلام آباد... وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دہشتگردی پاکستان اور افغانستان کا مشترکہ چیلنج ہے۔پاکستان اورافغانستان باہمی اعتمادکے ذریعے ہشتگردی کےخلاف جنگ کامیابی کےساتھ لڑسکتے ہیں۔وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں افغان سفیر عمر زاخیل وال سے ملاقات کی دہشت گرد حملوں میں افغان شہریوں کی ہلاکت پر تعزیت کی۔ بعدازاں افغان سفیر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جفغانستان کی جو مدد کرسکتے ہیں کریں گے ۔ اس قسم کے واقعات دہشت گردی کے خاتمے کےلئے قریبی تعاون بڑھانے کی یاد دہانی کراتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی تیسرا فریق پاکستان اور افغانستان کی معاونت تو کرسکتا ہے لیکن مسئلہ ہم نے خود حل کرنا ہے۔ دونوں ملکوں کو اس چیلنج سے نمٹنے کےلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔افغان وفد کی وزیراعظم شاہد خاقان سے ملاقات میں دہشتگردی کے خلاف جنگ اور دہشتگرد عوامل کو ختم کرنے پر بات ہوئی ہے۔اس موقع پر افغان سفیر نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں افغانستان کے ساتھ کھڑے ہونے پر پاکستان کے شکرگزار ہیں۔انہوں مزید کہا کہ دہشتگردی افغانستان اور پاکستان کا مشترکہ خطرہ ہے۔مسائل کے حل کیلئے افغانستان اور پاکستان میں دو طرفہ بات چیت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ملاقات میںاس بات پر اتفاق کیا کہ دہشت گردوں کو ا پنی سر زمین استعمال نہیں کرنے دیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون پر زور دیا گیا۔