عراق: 25 لاکھ بے گھر افراد کی اپنے علاقوں میں واپسی
بغداد۔۔۔عراق میں بے گھر افراد کی امداد اور بحالی سے متعلق ہائی کمیشن کے سربراہ اور وفاقی وزیر جاسم الجاف نے اعلان کیا ہے کہ 25 لاکھ کے قریب بے گھر افراد اپنے علاقوں کی آزادی کے بعد گھروں کو لوٹ رہے ہیں۔ ایک پریس کانفرنس میں الجاف نے بتایا کہ واپسی کا عمل بالخصوص 2صوبوں انبار اور نینوی میں بہت تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے باور کرایا کہ کرکوک صوبے میں بے گھر افراد کی حویجہ ، داقوق اور طوز واپسی کے اچھے انتظامات ہیں۔عراقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزارت ہجرت اور بے گھر افراد سے متعلق ہائی کمیشن کے درمیان رابطہ کاری سے ان لوگوں کو اپنے اصل علاقوں میں پہنچنے پر مطلوبہ بنیادی لوازمات فراہم کیے جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔الجاف نے متعلقہ اداروں اور فریقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ آزاد کرائے جانے والے علاقوں میں اپنی کوششوں اور سرگرمیوں کو بڑھا دیںتاکہ وہاں استحکام اور معمول کی زندگی کو جلد از جلد دوبارہ یقینی بنایا جا سکے۔